29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
مظفرآباد:ڈاکٹرلطف الرحمن کی متحدہ میں شمولیت،طاہر کھوکھر کی مبارکباد
جنگ نیوز -
مظفر آباد…آزاد کشمیر کے معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر لطف الرحمان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلا ن کر دیا،اس موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈراوروزیر سیاحت طاہر کھوکھر،رکن اسمبلی سلیم بٹ کے علاوہ مظفر آباد زون کے انچارج ملک تنویر ، جوائنٹ انچارج خورشید کیا نی ،ڈسٹرکٹ انچارج ملک غلام مصطفی سمیت ایم کیو ایم کے درجنوں کارکنا ن اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔سینٹرل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر لطف الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر خصوصاً مظفر آباد کے عوام ایک عرصہ سے حکمرانوں کے استحصال کا شکار ہیں اور ان کے مسائل کی جانب کسی نے توجہ نہیں دی ۔ ہم ایک عرصہ سے سیاسی و سماجی سطح پر مظفر آباد کے عوام کے حقوق کی آواز بلندکررہے ہیں مگر کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہورہے ۔انہوں نے کہاکہ موجود ہ حالات میں ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کے عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس کے پاس ملک کو درپیش مسائل کا قابل عمل حل موجود ہے ۔ ایم کیو ایم نے ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے کی نمائندگی کی ہے اور اپنے اندر سے قیادت پیدا کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں ۔ہم نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کے فکر و فلسفے اور ایم کیو ایم کے کردار اور قومی سوچ سے متاثر ہو کر ایم کیو ایم میں غیر مشروط شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ایم کیو ایم دو فیصد مراعات یافتہ طبقہ کے مقابلے میں 98فیصد غریب اور متوسط طبقہ کی نمائندگی کا حق ادا کر رہی ہے اسی لیے ہم نے ایم کیو ایم میں شامل ہو کر عوامی حقوق کی جدو جہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔دریں اثناء ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ،وزیر سیاحت کلچر و آثار قدیمہ طاہر کھوکھر نے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے 1998اوران کے بعدکے مہاجرین جموں و کشمیر کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء اور ووٹ کا حق دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے مہاجرین کا احساس محرومی ختم ہو گا اور وہ قومی دھارے میں شامل ہو جائیں گے ۔ مظفر آباد میں مہاجرین جموں وکشمیر کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم نے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی ر ہے گی ۔ 1998کے مہاجرین کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء اور ووٹ کا حق دینے کے فیصلے کے پیچھے بھی ایم کیو ایم کی کوششیں کارفرما ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر میں قائم حکومتوں نے مہاجرین جموں و کشمیر کے نام پر سیاست کی ، مہاجرین کا استحصال کرنے والوں کے احتساب کا وقت قریب آ گیا ہے ۔ تحریک آزادی کشمیر اور مہاجرین کے نام جائیدادیں بنانے والے کشمیریوں کے دوست نہیں بلکہ بدترین دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اقتدار میں آ کر تحریک آزاد ی اور مہاجرین کے نام پر بنائی گئی غیر قانونی جائیدادیں ضبط کر کے مہاجرین میں تقسیم کرے گے ۔