29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
معروف اداکار معین اختر عارضہ قلب کے باعث انتقال کرگئے
جنگ نیوز -
کراچی… اسٹیج ،ٹی وی اور تھیٹر کے معروف اداکار معین اختر مقامی اسپتال میں جمعہ کی شام انتقال کرگئے، وہ کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، اور انکا بائی پاس آپریشن بھی ہوچکا تھا۔انھیں جمعہ کی سہ پہر دوران غسل تکلیف محسوس ہوئی جس پرانھیں مقامی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جاں نبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے، انکی عمر 61برس تھی ۔جیو نیوز کے نمائندے عقیل رانا کے مطابق انھوں نے گزشتہ سالوں کے دوران کئی مرتبہ اداکاری ترک بھی کی مگر بعد ازاں وہ دوبارہ آگئے۔انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 60کی دہائی کے وسط میں کیا، اور انتظار فرمائیے سمیت سن ستر کے عشرے کے معروف ڈراموں میں لیڈ رول کیا،جبکہ کئی اہم اسٹیج ڈراموں میں بھی انھوں نے اپنے فن کے جوہر جگائے،انھیں انکی اعلیٰ کارکردگی پر پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیاتھا۔انکے انتقال پر انکے شو بز کے کئی ساتھیوں نے دلی افسوس کا اظہار کیا۔اداکار قوی خان نے انھیں لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکا خلاء شاید پر نہ ہوسکے۔