29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بجلی کا بحران ملکی تاریخ کی بدترین سطح پر،10سے 18گھنٹے لوڈشیڈنگ
جنگ نیوز -
لاہور…ملک میں بجلی کابحران ملکی تاریخ کی بدترین سطح پر پہنچ گیا،شارٹ فال پانچ ہزار ایک سومیگاواٹ ہو گیا۔غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔پیپکوذرائع کے مطابق تیل نہ ملنے کے باعث بند پاورپلانٹ تاحال نہیں چلائے جا سکے۔پی ایس او نے واضح کیاہے جب تک رقوم کی ادائیگی نہیں ہوگی تیل نہیں دیاجائے گا۔پیپکو کے اعدادوشمار کے مطابق بجلی کی پیداوار نو ہزارچھ سومیگاواٹ جبکہ ڈیمانڈ بڑھ کر14 ہزار سات سوہوگئی ہے۔ اس طرح شارٹ فال پانچ ہزار ایک سو میگاواٹ سے تجاوز کرگیاہے۔شہروں میں ہر پندرہ منٹ بعدڈیڑھ گھنٹے کیلئے گرڈاسٹیشن بند کیاجارہاہے جبکہ دیہات میں صورتحال انتہائی خراب ہے اورکئی کئی گھنٹے گرڈاسٹیشن بند کردیئے جاتے ہیں ۔ شہروں میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ آٹھ سے بارہ گھنٹے ہے اوردیہات میں بارہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے صارفین کے ساتھ صنعتی اورکاروباری سیکٹربھی ٹھپ ہوکررہ گیاہے۔ڈی جی پیپکو انجینئر محمد خالد نے اس حوالے سے بتایاہے کہ ایم ڈی پیپکو آج بھی اسلام آباد ہیں حکومت کوتمام صورتحال سے آگاہ کردیاہے تاہم آج تربیلہ اورمنگلا سے پانی کااخراج پانچ ہزار کیوسک مزید بڑھایاہے ۔ہائیڈل پیداوار بڑھنے سے شارٹ فال کم ہوگا۔