تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

نیب حکام کا اسلام آباد میں معذور بچوں کے ادارے پر کی عمارت پر قبضہ

جنگ نیوز -
اسلام آباد…راولپنڈی میڈیکل کالج کے ہاسٹل کی عمارت خالی کرنے کے بعد نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں معذور بچوں کے اسکول کے ایک حصہ پر قبضہ کرلیا ہے۔معذور بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ اس قبضہ پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔نیب راولپنڈی نے وزیر اعظم کی ہدایت پر راولپنڈی میڈیکل کالج کے ہاسٹل پر غیر قانونی قبضہ تو ختم کر دیا ہے لیکن اب انیس سو چوراسی میں قائم ہونے والے معذور بچوں کے ایک اسکول میں براجمان ہو گئے ہیں جو ڈائریکٹوریٹ آف اسپیشل ایجوکیشن کی ملکیت ہے،اور اس کا اسٹیٹ آفس یا وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس سے کوئی تعلق نہیں لیکن اسٹیٹ آفس نے اس بارے میں احکامات جاری کیے جس کے بعد گذشتہ رات نیب حکام نے تالے توڑ کر بلڈنگ پر قبضہ کرلیا،باہر موجود الفارابی اسکول کے بورڈز پر پینٹ کرکے راتوں رات نیب کا نام لکھ دیا گیا اور پنجاب پولیس کے اہلکار تعینات کردیئے۔ذہنی وجسمانی معذور بچوں کے اس اسکول میں ڈھائی سو سے زائد بچے زیرتعلیم ہیں،ان کے لیے مختلف امدادی اداروں کی مدد سے اسپیشل سیڑھیاں اور باتھ رومز بنائے گئے ہیں،والدین کا کہنا ہے کہ نیب جیسا ادارہ ہونے سے ان کے بچوں کا پلے گراؤنڈ اور پارکنگ ان کے قبضہ میں چلی گئی ہے اس کے علاوہ اس بلڈنگ کے یہاں ہونے سے سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں،نیب حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسٹیٹ آفس نے انہیں یہ بلڈنگ الاٹ کی جس کے بعد انہوں نے یہاں دفاتر قائم کیے ہیں،بلڈنگ کے اس حصے کا اسکول سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔نیب حکام کو راولپنڈی میں اپنے دفتر کے لیے کوئی جگہ نہ مل سکی اور اب راولپنڈی ریجن کے درخواست گزاروں کو اسلام آباد آنا ہوگا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.