29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
معین اختر عظیم فنکارتھے،انتقال بہت بڑاسانحہ ہے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈ اداکار معین اختر کے انتقال پر دلی صدمہ اور افسوس کااظہارکیاہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ معین اختر ریڈیو، ٹی وی،فلم اوراسٹیج کی دنیاکابہت بڑانام تھے،ان کاانتقال نہ صرف پوری پاکستانی قوم بلکہ پوری دنیامیں فن کے مداحوں کیلئے ایک بہت بڑاسانحہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ معین اختر ایک عظیم فنکارتھے جو دنیابھر میں دکھوں، غموں ،پریشانیوں اور رنج والم میں مبتلاعوام کے چہروں پرمسکراہٹیں لے آیاکرتاتھا اورانہیں چندلمحموں کیلئے انہیں دکھوں اوررنج والم سے دورکردیاکرتاتھا ۔معین اختر جیسے فنکار تاریخ میں روزروز پیدانہیں ہوتے، وہ ایک بڑافنکارہی نہیں بلکہ ایک بہت بڑاانسان بھی تھا ،لوگوں کی خدمت اس کاشعارتھا، پاکستان کے نام کودنیابھرمیں روشناس کرانے میں معین اخترکابڑاکرداررہاہے، انہوں نے فن، فنکاروں اورعام انسانوں کی جو ان گنت خدمت کی ہے وہ نہ صرف پوری قوم یادرکھے گی بلکہ رہتی دنیاتک معین اخترکانام یادرکھاجائے گااورتاریخ میں ان کانام سنہری حروف میں لکھاجائے گا۔ الطاف حسین نے کہاکہ معین اخترکے انتقال سے میں ذاتی طورپربہت دکھی اورغمزدہ ہوں ۔اوراللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعاگوہوں کہ وہ معین اخترکوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے ، ان کی مغفرت فرمائے اورمعین اخترمرحوم کے لواحقین اوردنیابھرمیں موجودتمام پرستاروں کویہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت وتوفیق عطافرمائے ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں،کارکنوں ،پرستاروں اورحق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ معین اخترمرحوم سے اپنی عقیدت کااظہارکرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تعدادمیں انکے جنازے میں شرکت کریں۔