29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
علما اختلافات کو بھلا کر قوم کو متحد کرنے کا فریضہ سرانجام دیں،منورحسن
جنگ نیوز -
لاہور…امیر جماعت اسلامی سیدمنور حسن نے علما پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی اختلافات کو بھلا کر قوم کو متحد کرنے کا فریضہ سرانجام دیں تاکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جاسکے ۔وہ منصورہ آڈیٹوریم میں جمعیت اتحاد العلما پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر سے آئے ہوئے معروف علمائے کرام کے تین روزہ مشاورتی اجلاس سے اختتامی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ گھمبیر صورتحال کے ذمہ دار امریکہ نواز حکمران ہیں جنہوں نے ذاتی مفادات کے لیے قومی غیرت اور وقار کو امریکہ کے آگے گروی رکھ دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بنیادی ضرورتوں سے محروم اور حکمرانوں کے بیرونی بینکوں میں اربوں کے اثاثے ہیں ۔ سید منورحسن نے کہا کہ اگر امریکہ کو ہمارے حکمرانوں اور فوج کا ذرابھی لحاظ ہوتا تو ڈرون حملے بند کردیتا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم اگر کرپٹ لوگوں کو ووٹ دے گی تو کرپشن سے نجات کس طرح حاصل کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علما کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے آگے بڑھیں اور قوم کو شاندار اسلامی انقلاب کے لیے تیار کریں ۔