29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی،شاہ محمود
جنگ نیوز -
کراچی…سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہم نے تیس ہزار جانوں کی قربانی اور اربوں ڈالرکا نقصان اٹھایا،اس کے باوجود امریکی کہتے کہ ہمارے پاس حکمت عملی نہیں تو یہ ہمارے لئے سوالیہ نشان ہے۔یہ بات انہوں نے مرکز اہلسنت کراچی میں سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگومیں کہی۔ شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ چاراپریل کوپیپلز پارٹی کی ایگزیکٹوکمیٹی میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی اس کے باوجودانہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری دی کیوں کہ وہ خود کو پارٹی کا حصہ سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کا حق ہے کہ وہ لوگوں تک اپنی آواز پہنچائے اسی لئے انہوں نے ایم کیوایم کو پنجاب آنے پر خوش آمدید کہا ۔شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ وزارت خارجہ پر بہت سارے لوگوں کی نظریں ہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ اگرملک میں نئے صوبوں کی ضرورت ہے توایسا کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پرسربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ وہ ایک سپاہی کی حیثیت سے ملک میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے ان کے ساتھ ہیں۔