تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

مودی نے ہندوؤں کو مسلمانوں پر حملوں کیلئے چھوٹ دی، بھارتی پولیس افسر

جنگ نیوز -
نئی دہلی …بھارتی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بھارتی سپریم کورٹ کے سامنے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ گجرات میں2002 کے مسلم کش فسادات میں وزیرِاعلیٰ نریندر مودی براہِ راست ملوث تھے۔ بھارتی پولیس سروس کے سینئر افسر سنجیو بھٹ نے سپریم کورٹ میں ایک حلفیہ بیان جمع کرایا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ 27 فروری2002 کو وزیراعلیٰ نریندر مودی نے ایک اجلاس بلایا جس میں مودی نے پولیس اہل کاروں سے کہا کہ وہ فسادیوں کی کارروائی کے دوران لاتعلق رہیں اور اگر کسی علاقے میں حملے کے بعد مدد کیلئے بلایا جائے تو وہاں نہ جائیں۔ سنجیو بھٹ ان دنوں گجرات کے انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ میں تھا۔ اس کے مطابق اس نے نریندر مودی کی ہدایت کے بارے میں اس خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو بھی بتایا تھا جو سپریم کورٹ کے کہنے پر تشکیل دی گئی تھی۔ لیکن ٹیم نے اس کی بات پر کان نہیں دھرا۔ اس پر اسے مجبوراً سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔سنجیو بھٹ نے یہ بھی کہا کہ اسے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تفتیش پر اعتبار نہیں۔ سنجیو بھٹ نے کہا کہ نریندرا مودی نے انتہاپسند ہندووں کو مسلمانوں پر حملوں کیلئے چھوٹ دی تاکہ وہ سبرمتی ایکسپریس پر حملے کا بدلہ لے سکیں۔ گجرات کے بدترین مسلم کش فسادات میں بارہ سو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مسلسل احتجاج کے باوجود مودی پچھلے دس سال سے گجرات کے وزیراعلیٰ ہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.