29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
الطاف حسین کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،الطاف زیدی
جنگ نیوز -
لاہور… متحدہ قومی موومنٹ کی صوبائی تنظیمی کمیٹی کے انچارج الطاف زیدی نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل ِ راہ ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں حق پرستی کا قافلہ اپنی منزل پر پہنچ کر دم لے گا۔ یہ بات انہوں نے ایم کیوایم پنجاب ہاؤس لاہور میں منعقدہ کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تربیتی نشست میں لاہور ڈسٹرکٹ کے ٹاؤنز کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں الطاف حسین واحد شخصیت ہیں جو صدر ، وزیراعظم ، سینیٹر، ایم این اے یا ایم پی اے بننے کے خواہش مند نہیں اورنہ ہی وہ اپنے خاندان کے کسی فرد کو ایوانوں کا رکن بنانا چاہتے ہیں بلکہ ان کی حق پرستانہ جدوجہد کا مقصد یہی ہے کہ ملک بھر سے غریب و متوسط طبقے کی قیادت کو متعارف کرایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ نے سیاست میں خدمت کے عمل کو متعارف کرایا ہے اور بلاتفریق رنگ و نسل و زبان خدمت کا جذبہ لیکر ملکی سیاست میں سرگرم ہے اور ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ اوروڈیرانہ نظام کیخلاف عملی جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا نظریہ اور فکر و فلسفہ ملک بھر میں پھیل رہا ہے اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دو فیصد مراعات یافتہ طبقے کا خاتمہ ہو گا اور ملک بھر میں98ء فیصد غریب عوام کی حکمرانی قائم ہوگی۔تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج اور سابق حق پرست صوبائی وزیر شبیر احمد قائم خانی نے کہا کہ ایم کیوایم میں تمام قومیتوں، مسالک اور مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں اور ایک خاندان کی طرح متحد ہوکرغریب ومتوسط طبقہ کے حقوق کی جدوجہدکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر،ظالم جاگیردار،وڈیرے اور سرمایہ دار ایم کیوایم کے خلاف کتنی ہی سازشیں کرلیں انشاء اللہ شکست ان کامقدرہوگی ۔