تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

بھتہ مافیا کے ہاتھوں تاجروں اور دکاندارو ں کی زندگی اجیرن ہوچکی، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھتہ مافیا کی جانب سے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تاجر کے گھر پر دستی بم سے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھتہ مافیا کے دہشت گردوں کے ہاتھوں تاجروں اور دکاندارو ں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ڈیفنس فیز ٹو کے رہائشی ایک تاجرکے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا اور متاثرہ تاجر نے میڈیا کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کچھ دنوں سے بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ روز لیاری کے علاقے گھانس منڈی میں بم دھماکہ کرکے درجنوں افراد کو ہلاک وزخمی کیا جاچکا ہے اور اب تاجر برادری کے گھروں میں دہشت گردی کا سلسلہ شروع کردیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بھتہ مافیا کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرنے،جبری بھتہ کے مطالبات نہ ماننے والے تاجروں کے گھروں پر حملے، حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ بھتہ مافیا کی جانب سے کراچی کے تاجروں اور دکانداروں کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیا جائے ، بھتہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور تاجروں سمیت تمام شہریوں کو جان ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے ۔دریں اثنائمتحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم ایلڈرزونگ لائنز ایریاسیکٹر یونٹ 197 کے کارکن عبد الطیف کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین ۔رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔(آمین)






متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.