29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
تحریک انصاف نے دو روزہ دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی
جنگ نیوز -
تحریک انصاف نے دو روزہ دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی
پشاور…پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے پشاور میں دو روزہ دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔عمران خان کی زیر قیادت کاررواںآ ج ہفتہ کی صبح موٹروے چوک اسلام آباد سے روانہ ہوگا ۔پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس تحریک کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں پشاور میں نیٹو کی سپلائی لائن کاٹنے کے لئے دو روزہ دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ڈرون حملے نہ رکوا کرنیٹو کی سپلائی لائن کاٹنے پر مجبور کیاہے ۔ عمران خان نے کہا کہ عوام دھرنے میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ پورے ملک کے عوام کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔تحریک انصاف کے چیرمین نے بعد میں سینئر صحافیوں کو دھرنا کے متعلق بریفنگ بھی دی۔ تحریک انصاف کے اعلامیہ کے مطابق عمران خان اسلام آباد سے پشاور کے راستے جہانگیرہ،اکوڑہ خٹک، نوشہرہ، پبی اور دیگر مقامات پر خطاب کریں گے۔