29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سندھ اور بلوچستان میں سی این جی اسٹیشنز اتوار تک کیلئے بند
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں کل رات سے سی این جی پمپس گیس کی بندش کے باعث بند کردیئے گئے ہیں، رات گئے لوگ زاروقطار لائنوں میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں سی این جی کی بندش کے فیصلے کے پیش نظر زیادہ تر کار سوارٹنکیاں فل کراتے دکھائی دیے، کار سوار کراچی سمیت مختلف شہروں میں لمبی قطاروں میں سستے فیول کو حاصل کرنے میں مصروف دکھائی دیے ، سوئی سدرن گیس کمپنی اور سی این جی ایسو سی ایشنز نے جمعہ کی رات 12 بجے سے اتوار کی دوپہر بارہ بجے تک سی این جی اسٹیشنز مکمل بند رکھنے پر اتفاق کیا ہے، سوئی سدرن حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے بھٹ فیلڈ سے کم گیس ملنے کا اثر گھریلو صارفین پر ڈالنے سے روکا جا سکے گا، انہوں نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنز کی 36 گھنٹے بندش سے یومیہ 6 کروڑ مکعب فٹ گیس بچے گی، حکام نے بتایا کہ بھٹ گیس فیلڈ کی مرمت کا کام جاری ہے اور 27 اپریل سے گیس فیلڈ سے سپلائی میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی جبکہ اس کے دو تین دن بعد سپلائی مکمل نارمل سطح پر آنے کا امکان ہے۔