29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
استعماری اقدامات روکنے کیلئے جرات حیدری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،حامد موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ رسول اکرم ،قرآن پاک ،اہلبیت اطہار اور پاکیزہ صحابہ کبار کے خلاف گستاخانہ اقدامات روکنے کیلئے مسلم حکمرانوں کو جرات حیدری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اورتمام مسلم ممالک کو متحد ہوکر امریکہ اور اس کے پٹھووٴں کے استعماری ایجنڈے کے خلاف صف آرا ہونا ہوگا۔یہ بات انہوں نے بنت رسول خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمہ زہرا کی وصال کے سلسلے میں 23جمادی لاولیٰ تا3جمادی الثانی ”عالمی عشرہ عزائے فاطمیہ“ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہی، ایک بیان میں علامہ موسوی نے پوری امت مسلمہ سے اپیل کی کہ عالمی عشرہ عزائے فاطمیہ کے پروگراموں میں قادر مطلق کی بارگاہ میں دعائے استغاثہ بلند کی جائے کہ عالم اسلام کوعہد حاضر کے استعماری ابرہہ اور اس کے ایجنٹوں کے شر سے نجات دلائے جیسے خانہ کعبہ کو ابرہہ کے ہاتھیوں سے بچایا تھا ۔انھوں نے کہا کہ استعمار کے ایجنٹ مسلم حکمران ٹھیک ہوتے تونہ القدس کی بے حرمتی ہوتی نہ بابری مسجدکو آگ لگائی جاتی نہ دیار غیر میں مسلمانوں کے قبرستانوں کا ستیاناس کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ خداوندِعالم نے اپنے پیارے نبی اور شعائر اللہ کو عزت ورفعت نے نواز ا ہے لہذاکوئی ان کی شان نہیں گھٹا سکتا۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مشرقی تیمور اور سوڈان میں تو استصواب رائے ہوگیا لیکن کشمیر وفلسطین کے مسائل لاینحل ہیں جنہیں مسلم حکمران خود حل کروانا نہیں چاہتے ،استعمار تو پہلے ہی دشمن ہے وہ جہاں چاہے چڑھ دوڑتا ہے،افغانستان و عراق ،لیبیاکو تہس نہس کردیا گیا،تیونس میں نئے ایجنٹوں کو تعینات کررہا ہے لیکن یمن اور بحرین میں ہونے والے مظالم پر تشویش تک کا اظہار نہیں کیا گیا ۔