29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی:ڈالمیا سے ملزمان کی گرفتاری،مکینوں کا سڑک پر احتجاج
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے دو افراد کی گرفتاری کے خلاف علاقے کے مکینوں نے مرکزی شارع پر دھرنا دے کر کئی گھنٹے تک ٹریفک معطل کردیا۔پولیس کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال میں ڈالمیا کے قریبی آبادی سے پاکستان رینجرز نے ایک کارروائی کرکے رمضان عرف بابو سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ اہلکار چھاپے کے بعد دوبارہ علاقے میں گئے تو علاقے کی خواتین، بچوں اور دیگر افراد نے الہ دین پارک کے قریب راشد منہاس روڈ پر دھرنا دے دیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا۔ مظاہرین کئی گھنٹے تک دھرنے دیئے بیٹھے رہے اور مرکزی شاہراہ بند رکھی جس سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامان کرنا پڑا۔ جبکہ پارک میں تفریح کے لئے آئے ہوئے خاندان بھی مبحوس ہوکر رہ گئے۔ کچھی رابطہ کمیٹی کے رہنما اسحاق کچھی کے مطابق ان کے کارکن رمضان عرف بابو بھائی کو بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ اس کی نشاندہی پر رینجرز نے دن میں کئی بار علاقے میں چھاپے مارے۔ اس موقع پر رینجرز کی بھاری نفری اور پولیس علاقے میں موجود رہی مگر سڑک کھلوانے کے لئے کوئی کارروائی نہیں کی۔