29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سپریم کورٹ:حکومت کوالیکشن کمیشن کی تشکیل نو جلد کرنے کی ہدایت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے حکومت کو18ویں آئینی ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن کی تشکیل نو جلد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ چیف جسٹس افتخار چودھری نے ریمارکس میں کہا ہے کہ نامکمل الیکشن کمیشن ، آئین سے انحراف ہے اور حکومت ایک برس سے ایسا کررہی ہے ۔چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو سے متعلق پٹیشن کی سماعت کی ۔ اٹارنی جنرل نے اس مقدمہ کی درخواست سے اختلاف نہیں کیا اور عدالت کے پوچھنے پر اعتراف کیا کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت کام نہیں کررہا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ18ویں ترمیم کے تحت ملک میں الیکشن کمیشن فعال نہیں ہے تو پھر اسے بجٹ اور عملہ کو تنخواہیں کیسے مل رہی ہیں۔ حکومت نے سسٹم چلانا ہے تو آئین اور قانون پر عمل کرنا ہوگا، بعد میں عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے اس پٹیشن میں اٹھائے گئے نکات کی حمایت میں آرڈر بھی جاری کردیا ۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن کے ارکان کا تقرر کرکے عدالت کو آگاہ کرنے کا کہا تھا لیکن،ایک سال گزرنے کے بعد بھی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی گئی ،آئینی تقاضے کو جلد از جلد پورا کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔