29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ماروی میمن سستی شہرت کی خاطر تاریخ کو نہ جھٹلائیں، ریاض حسین
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . پیپلز پارٹی ہیوسٹن کے صدر اورپی پی اُردو ویب کے چیف کنسلٹنٹ سید ریاض حسین نے مسلم لیگ ق کی رہنما ماروی میمن کی حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سستی شہرت کی خاطر تاریخ کو نہ جھٹلائیں۔جن ڈرون حملوں کو بہانہ بنا کر وہ حکومت پر بلا وجہ تنقید کر رہی ہیں یہ اُن کے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی اجازت سے شروع ہوئے تھے۔وہ پہلے جنرل مشرف اور اپنے والد نثار میمن سے پوچھیں کہ حقائق کیا ہیں۔سیدریاض حسین نے مزید کہا کہ ماروی میمن جو زیاد ہ تر تمام ٹی وی چینلز پر جنرل(ر) پرویز مشرف کے گن گاتی رہتی ہیں اب جمہوریت کی چمپئن بن کر کسے بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہیں؟اگر وہ اب عمران خان کے ہاتھ پر بیعت کر چکی ہیں تو فوری طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیں۔صرف لفاظی اور کھوکھلے نعروں سے عوام کے دل نہیں جیتے جاسکتے۔عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ عمران خان کس کے اشاروں پر کام کر ر ہے ہیں اور ماروی میمن کا عمران خان کی تعریفوں کے پُل باندھنا صاف ظاہر کرتا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر آمریت کی چھتری کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان، ماروی میمن،منور حسین اور ان جیسے دیگر نام نہاد سیاستدان ہواوٴں میں تیر چلانے کی بجائے جمہوری راستہ اختیار کریں ورنہ عوام انہیں کلین بولڈ کر دیں گے۔