تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0

چیئرمین قائمہ کمیٹی کا جیو سوپر اور آگ پرسے پابندی اٹھانے کا مطالبہ

جنگ نیوز -
کراچی…قائد حزب اختلاف چوہدری نثار کے جیو سوپر اور آگ چینل کی بندش کے خلاف آواز بلند کرنے اور ارکان پارلیمنٹ کی سپورٹ کے بعد حکومت نے آخر کار تسلیم کر لیا کہ وہ نوجوانوں کے چینل آگ کو کھول دے گی تاہم ملک کے واحد اسپورٹس چینل جیو سوپر کی پاکستان سے نشریات بارے حکومتی موقف غیر لچک دار ہونے پر معاملہ موخر ہو گیا۔ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس چیئرمین حاجی غلام علی کی زیر صدارت ہوا جس میں مسلم لیگ ق کے سینیٹر طارق عظیم، مسلم لیگ ن کے ظفر علی شاہ اور اے این پی کے حاجی عدیل نے بار بار یہ کہا کہ اگر ملک میں کیبل پر غیر قانونی بھارتی چینلز کی یلغار ہے تو یہ ناقابل فہم ہے کہ پاکستان کے چینلز کو دکھانے نہیں دیا جا رہا ۔ کمیٹی کے ارکان نے وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، سیکریٹری اطلاعات اورچیئرمین پیمرا کو کئی مواقعوں پر آڑے ہاتھوں لیا اور مطالبہ کیا کہ جیو سوپر اور آگ چینل پر پابندی ہٹائی جائے۔ ایک موقع پر اے این پی کے حاجی عدیل نے حکومت اور پیمرا کی اس توجیح پر کہ جیو سوپر صرف دبئی سے نشریات دکھا سکتا ہے ، کہا کہ اگر میرے شہر پشاور میں ہاکی کا میچ ہو تو کیا یہ میچ جیو سوپر دبئی سے دکھائے گا ؟ کیا آپ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ پاکستان میں ہر اسپورٹس ایونٹ کی کوریج کے لیے بار بار اجازت لی جائے۔ مسلم لیگ ن کے ظفر علی شاہ نے کہا کہ پیمرا رولز32 کے مطابق آپ عوامی مفاد میں کسی بھی پاکستانی چینل کو چھوٹ دے سکتے ہیں، جیو سوپر کے معاملے میں ایسا کیوں نہیں کر رہے، یہ واحد قومی اسپورٹس چینل ہے۔ جیو سوپر کے نمائندے محمد سلیمان نے وفاقی وزیر اطلاعات کے اس الزام کو کہ جیو سوپر نے اپنی نشریات خود بند کی ہیں، سختی سے رد کر دیا۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ دبئی سے چینل کی نشریات جاری ہیں لیکن پیمرا کے منع کرنے کے بعد پاکستان سے اپ لنکنگ بند کر دی گئی ۔ جیو سوپر کے نمائندے نے وفاقی وزیر اطلاعات سمیت کمیٹی کے تمام ارکان کو دعوت دی کہ وہ ابھی چلیں اور چیک کر لیں کہ دبئی سے چینل کی نشریات جاری ہیں۔ کمیٹی ارکان نے حکومت اور پیمرا کے اس موقف پر تعجب اور حیرت کا اظہار کیا کہ جیو سوپر کو پاکستان سے نشریات کی اجازت2009 میں سیکیورٹی کلئیرنس نہ ہونے کی وجہ سے نہیں دی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.