تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0

کراچی:پاک بحریہ کی دو بسوں پر صبح کے وقت حملہ ،4افراد جاں بحق

جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے ڈیفنس اور بلدیہ ٹاؤن میں پاکستان نیوی کی بسوں پر بموں سے حملوں کے نتیجے میں خاتون ڈاکٹر سمیت4 افراد جاں بحق اور 56 زخمی ہوگئے، جبکہ دس کلوگرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ کراچی میں دہشت گردوں نے آج پاکستان نیوی کی بسوں کو نشانہ بنایا۔ پہلا دھماکا صبح سات بجکربیس منٹ پر پاک بحریہ کے ملازمین کو گھروں سے دفاتر لے کر جانے والی بس پر ڈیفنس فیز2 سیون اسٹریٹ پرہوا۔ ملزمان نے موٹر سائیکل میں بم نصب کرکے اس کے پاس بس کے پہنچتے ہی ریموٹ سے دھماکہ کردیا ۔جس کے نتیجے میں نیوی کی لیڈی ڈاکٹرنازیہ اور سب لیفٹیننٹ اقبال جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہوئے جن میں 30 نیوی کے ملازمین شامل ہیں۔ دھماکے سے ایک درجن سے زائد بنگلوں اور آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ عین اسی وقت پربلدیہ ٹاؤن نمبر دو میں نادرن بائی پاس پر پاکستان نیوی کی دوسری بس کو نشانہ بنایا گیا۔اس دھماکے میں بس ڈرائیور محمد اشرف اور عمر فاروق جاں بحق جبکہ19سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ یہ دھماکہ بھی سٹرک کے کنارے نصب بم سے کیا گیا ۔بلدیہ ٹاؤن کے دھماکے کے مقام پرتفتیشی حکام ابھی شواہد جمع کرنے میں مصروف تھے کہ قریبی مقام سے ایک بیگ برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل اسکوڈ نے چیک کیا تواس میں سے دس کلووزنی دھماکہ خیز موادبرآمد ہواجسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ دھماکے کے مقامات کے دورہ کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے انکشاف کیا کہ انہیں دو روز قبل دہشت گردی کی وارداتوں کی اطلاعات مل گئی تھیں ۔بم دھماکوں کے واقعات پرکراچی پولیس چیف نے دو تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو تین روز میں اپنی رپورٹیں پیش کریں گی۔دونوں دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی لاشوں کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ جبکہ واقعات کے مقدمات دہشت گردی ایکٹ اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لئے گئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.