29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کے ای ایس سی نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا
جنگ نیوز -
کراچی…پی ایس او کے پاس فرنس آئل درآمد کرنیکیلئے پیسے نہیں،دوسری طرف کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ پی یس او کی جانب سے فرنس آئل کی فراہمی میں کمی کے باعث کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مجبوراً بڑھا دیا گیا ہے۔کے ای ایس سی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنس آئل کی فراہمی میں کمی کے باعث بجلی پیداوار کم ہونے سے صنعتی علاقوں میں چار، رہائشی اور تجارتی علاقوں میں صارفین کے لیے6گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو سکتی ہے۔دوسری جانب پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس فرنس آئل درآمد کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں کیونکہ ایک طرف تو ادارے کو185 ارب روپے کے واجبات کی وصولی کرنی ہے تو دوسری جانب ریفائنریز کو100 ارب جبکہ درآمد کیے گئے تیل کی مد میں 49 ارب روپے ادا بھی کرنے ہیں۔اس کے علاوہ لارج ٹیکس پئیر یونٹ نے پی ایس او کو سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں 7.7 ارب روپے کی ادائیگی کا نوٹس جاری کر دیا گیا جبکہ پی ایس او کی جانب سے بروقت ٹیکس کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ایف بی آر کی جانب سے بینکوں کو پی ایس او کے کھاتے غیر فعال کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔