29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات میں5افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد کارروائیوں میں جامعہ بنوری ٹاؤن کے استاد سمیت پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سولجر بازار تھانے کی حدود گارڈن ایسٹ میں واقع داعی مسجد کے پیش امام مولانا ارشاد اللہ عباسی آج صبح نماز فجر پڑھانے کے لئے مسجد کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر نمازی مسجد سے باہر آئے اور انہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال لائے جانے تک وہ جاں بحق ہوچکے تھے۔ مقتول بنوریہ ٹاؤن میں استاد کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہا تھے۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ بنوری ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔ پاک کالونی میں میوہ شاہ قبرستان سے تین گھنٹے کے دوران دو نوجوانوں کی ہاتھ پاؤں بندھی تشدد زدہ لاشیں ملیں جنہیں تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔دونوں مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔ گلشن اقبال بلاک7 سے25 سالہ نامعلوم نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی۔ ڈیفنس فیز6 میں فائرنگ سے سیکوریٹی گارڈ ہلاک ہوگیا، شاہ فیصل کالونی اور گلزار ہجری میں فائرنگ سے دو افرادزخمی ہوگئے۔