29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کے ایس ای میں تیزی،100 انڈیکس بارہ ہزار57پوائنٹس پر بند
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی رہی اور انڈیکس بارہ ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔ جمعہ کوکاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور یہ مثبت رحجان دونوں ٹریڈنگ سیشن میں برقرار رہا۔ اوجی ڈی سی ایل میں بیرونی سرمایہ کاروں کی خریداری نے مارکیٹ کو بارہ ہزار پوائنٹس کی سطح کو عبور کرنے میں مدد دی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس91پوائنٹس اضافے کے ساتھ بارہ ہزار 57پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم10 کروڑ شیئرز رہا سب سے زیادہ کام سلک بینک کے شیئرز میں ہواجس کی قیمت20 پیسے کمی کے بعد2 روپے65 پیسے ہوگئی ۔کے ایس ای تھرٹی انڈیکس100 پوائنٹس اضافے کے ساتھ گیارہ 716 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق تیزی کا یہ رحجان آئندہ ہفتے بھی برقرار رہ سکتا ہے۔