29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
صدر صاحب اور میری پالیسی ایک ہے،وزیراعظم گیلانی
جنگ نیوز -
ملتان…وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدر صاحب اور میری پالیسی ایک ہے، مفاہمت کی سیاست پر پیش رفت ہو رہی ہے لوگ چاہتے ہیں کہ معاشی استحکام کے لئے سیاسی قیادت اکٹھی ہو۔ سرائیکی صوبہ کیلئے تمام سیاسی قیادت متفق ہے ۔یہ بات انہوں نے ملتان میں قاسم بیلہ روڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاہمت سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا ہم نے معاشی پروگرام کیلئے تمام سیاسی قیادت کو دعوت دی ہے، سیاسی قیادت کی ناتجربہ کاری کے نقصانات ہوتے بیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبہ کے لئے تمام سیاسی قیادت متفق ہے ، پیپلز پارٹی اس کو اپنے منشور کا حصہ بنا رہی ہے ، ہماری پارٹی کی منشور کمیٹی بہاول پور ڈویژن والوں سے بھی بات کرے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا صدر صاحب اور ق لیگ میں بات چیت چل رہی ہے وہ جب ختم ہو گی تو مجھے اعتماد میں لیا جائے گا ۔ صدر صاحب اور میری پالیسی ایک ہے ۔ ڈرون حملوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو ڈرون حملوں پر امریکاکو قائل کرے گا، ہماری حکومت سفارتی محاذ پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا لوڈ شیڈنگ سے زراعت اور صنعت دونوں کو نقصان ہو رہا ہے ، صرف ملتان نہیں ہم پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے ۔ پاک بھارت مذاکرات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد معطل پاک بھارت مذاکرات کی بحالی خوش آئند ہے ۔