29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
مولانا ارشاد عباسی کے قاتل اتحاد بین المسلمین کے دشمن ہیں ، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کراچی کے علاقے سولجزار بازار میں مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ سے جامعہ بنوریہ اسلامیہ کے استاد مولانا ارشاد اللہ عباسی کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا ارشاد اللہ عباسی کا بہیمانہ قتل شہر میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی گھناؤنی سازش ہے اور جو عناصر بھی اس مذموم فعل میں ملوث ہیں وہ اتحاد بین المسلمین کے کھلے دشمن ہیں ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے مولانا ارشاد اللہ عباسی کے بہیمانہ قتل کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے ۔ الطاف حسین نے مولانا ارشاد اللہ عباسی شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہید کی مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے شہداد کوٹ میں بس کھائی میں گرنے کے خوفناک حادثے میں متعدد باراتیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر میں شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے ، سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ علاوہ ازیں قائد تحریک الطاف حسین نے ممتاز ادیب اور لکھاری اے حمید کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے۔ (آمین)