29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
قیام امن کیلئے مشترکا کوششوں کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
جنگ نیوز -
پشاور…وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا امیر حیدرہوتی نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ قیام امن کے لئے مشترکا کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پختون امن پسند قوم ہے اور ان پر دہشت گرد ہونے کا الزام عائد نہ کیا جائے ۔ پشاورمیں پشتوعالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ افغانستان پر روس کے حملے اور پھر امریکامیں گیارہ ستمبر کے واقعات کے موقع پر پاکستانی حکومتوں سے بنیادی غلطیاں ہوئیں۔ جس کا خمیازہ ہم آج بھگت رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اب مزید غلطیوں کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک افغانستان اور پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امن قائم نہیں ہوگا، پاکستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک بھرمیں پھیل چکی ہے۔ لہذا اس سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالاتر ہوکر کوشش کرنی ہوگی ۔ پشتو عالمی کانفرنس میں پاکستان ، افغانستان اور دنیا بھر سے پشتو زبان کے شعرا ، ادیب اور دانشور شریک ہیں۔ کانفرنس کل تک جاری رہے گی۔