تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0

کے کے ایف اور جاپانی قونصلیٹ کا اشتراک، نذیر حسین بلڈ بنک قائم

جنگ نیوز -
کراچی …ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن اور جاپان کے قونصلیٹ کے اشتراک سے نذیر حسین اسپتال بلڈ بینک کا قیام عمل میں لایا گیاہے ۔نذیر حسین اسپتال بلڈ بینک کا افتتاح جاپان کے کراچی میں متعین قونصل جنرل Mr MASAHARU SATOنے کیا ۔اس موقع پر وائس قونصل جنرل Mr. Hikhita بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس جدید بلڈ بنک کی تکمیل ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے ہوئی ہے جوکہ جدید ترین آلات سے مزین ہے ۔ بلڈ بنک میں مستحق افراد کو خون کے95 ٹیسٹ اور اسکریننگ کی مفت سہولتیں میسر ہونگی جبکہ بلڈ بنک کو مزید جدید بناکر یہاں ڈینگی وائرس کے ٹیسٹ کی مفت سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ بلڈ بنک کے افتتاح کے سلسلے میں جمعہ کی شام خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر واقع فیڈرل بی ایریا بلاک 7میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی ، اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر صغیر احمد ، مصطفی کمال ، اشفاق منگی ، قاسم علی رضا ، ڈاکٹر نصرت ، گلفراز خان خٹک ، آصف صدیقی ، کنور خالد یونس ، محترمہ نسرین جلیل ، یوسف شاہوانی ، حق پرست سینیٹرز ، وزراء ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، برطانوی سفارتکار ڈینئل اورخدمت خلق فاؤنڈیشن کے ٹرسیٹیز نے شرکت کی ۔دریں اثناء کراچی میں متعین جاپان کے قونصل جنرل MASAHARU SATOنے کہا ہے کہ نذیر حسین اسپتال بلڈ بنک کا قیام جاپان قونصلیٹ اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے درمیان دوستی کی اچھی مثال ہے ، خدمت خلق فاؤنڈیشن انسانیت کی خدمت کا جو کام کررہی ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ اس موقع پر جاپان کے وائس قونصل جنرل مسٹر ہائیکاتاکے علاوہ برطانیہ کے سفارتکار ڈینئل تارشیش اور حق پرست سینیٹرز ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے عہدیداران و رضاکاران بھی موجود تھے ۔ جاپانی قونصل جنرل نے کہاکہ مارچ2011ء میں جاپان میں قیامت خیز سونامی اور زلزلہ آیا تو ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین ، ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیوایم وخدمت خلق فاوٴنڈیشن کے دیگر رہنماوٴں نے حکومت جاپان اور جاپانی عوام سے اظہار تعزیت کرنے کے علاوہ مکمل تعاون بھی کیا جس پر میں جاپانی عوام کی جانب سے ان سے اظہار تشکر کرتا ہوں ۔قبل ازیں ا سید مصطفی کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطا ف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم کا ایک ایک کارکن اپنے جاپانی بھائیوں کے ساتھ اس قدرتی آفت میں کھڑا ہے ۔انہوں نے سونامی جیسی کڑی آزمائش کے بعد اپنے ملک او رشہروں کی تعمیر نو کے سلسلے میں جراتمندانہ اقدامات پرحکومت جاپان اور جاپان کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ جاپانی عوام قدرتی آفات سے پیش آنے والے مسائل پر بہادری کے ساتھ قابو پارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی خدمات بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہیں اوریہ الطاف حسین کی رہنمائی میں انسانیت کی خدمت کا کام سر انجام دے رہی ہے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.