29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
افغان طالبان کوپاکستان میں موجودٹھکانوں سے مددملتی ہے،پینٹاگان
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکی محکمہ دفاع پینٹا گان نے کہا ہے کہ افغان شرپسندوں کو پاکستان میں بدستور موجود محفوظ ٹھکانوں سے مدد ملتی ہے۔جس سے اتحادی افواج کی کوششوں کونقصان پہنچ رہا ہے ۔ایک امریکی عہدے دارکے مطابق اتحادی فوج کی کامیابیوں کے لیے اسلام آبادکوشمالی وزیرستان میں کارروائی کرکے شدت پسندوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنا ہوں گے۔ امریکی محکمہ دفاع نے کانگریس کو پیش کی گئی ششماہی رپورٹ میں بتایا ہے کہ افغانستان میں طالبان کازورٹوٹ گیا، حالیہ مہینوں میں نیٹو فورسز کو طالبان کیخلاف ٹھوس کامیابی ملی ہے،انھیں جنوبی افغانستان سے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔اور ان کے اہم علاقے دوبارہ حاصل کر لیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شرپسندوں کوپاکستان میں محفوظ ٹھکانوں سے مدد ملتی ہے۔ جس سے اتحادی افواج کی کوششوں کونقصان پہنچ رہاہے ۔رپورٹ پرتبصرہ کرتے ہوئے غیرملکی خبررساں ایجنسی کو ایک امریکی عہدے دارنے بتایا کہ اتحادی افواج کی کامیابیوں میں استحکام کے لیے اسلام آباد کوشمالی وزیرستان میں کارروائی کرکے شرپسندوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنا ہوگا۔ جبکہ پاکستانی فوج شمالی وزیرستان میں کارروائی کی مخالفت کررہی ہے۔