29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
لیاقت قریشی کا قتل متحدہ کیلئے بہت بڑانقصان اورعظیم سانحہ ہے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن ... متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے سینئرکارکن اورسابق رکن سندھ اسمبلی لیاقت قریشی کا قتل ایم کیو ایم کے لیے کیلئے ایک بہت بڑانقصان اورعظیم سانحہ ہے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔الطاف حسین نے کہاکہ لیاقت قریشی تحریک کے ایک سینئرکارکن تھے جوتحریک کے مختلف شعبوں کے ذمہ داررہے ،جب 19جون 1992 کوایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن شروع ہوااورکارکنان کوروپوش ہوناپڑاتوایسے سخت آزمائش اورکٹھن وقت میں جبکہ اکثر لوگ کمزورپڑرہے تھے ایسے کڑے وقت میں بھی لیاقت قریشی نے ایم کیوایم کاساتھ نہیں چھوڑا اور روپوشی میں رہ کرتحریک کے کام کوجاری رکھا۔تحریک کے مشن ومقصدکی جدوجہدمیں وہ کئی باراسیربھی رہے لیکن تمام ترآزمائشوں کے باوجود وہ نہ صرف ثابت قدم رہے بلکہ اپناتحریکی سفرجاری رکھا۔ بالآخرحق پرستی کے دشمنوں نے تحریک کے ایک ثابت قدم سپاہی اور سچے مجاہدلیاقت قریشی کوآج بیدردی سے شہیدکردیا۔لیاقت قریشی کی شہادت ایم کیوایم کیلئے ایک بہت بڑانقصان اورعظیم سانحہ ہے جس پر نہ صرف مجھے ذاتی طورپردلی صدمہ پہنچاہے بلکہ ایم کیوایم کاہرکارکن انتہائی غمزدہ اوراشکبارہے۔ الطاف حسین نے لیاقت قریشی شہیدکوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ لیاقت قریشی شہید نے آزمائش کے دورمیں جس جرات و ہمت اورثابت قدمی کے ساتھ تحریک کاکام جاری رکھا وہ تحریک کے تمام کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے ، تحریک کیلئے بے مثال قربانیوں پر انہیں جتنابھی خراج عقیدت پیش کیاجائے کم ہے۔ لیاقت قریشی شہیدکی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کاخون رائیگاں نہیں جائے گابلکہ تحریک کومزیدجلابخشے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی سے ایم کیوایم کے رہنماوٴں اورکارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، ان دہشت گردیوں کے باوجود حق پرستی کایہ قافلہ کسی طورپرنہیں رکے گا بلکہ تیزی سے آگے بڑھے گااورشہیدوں کے مقدس لہوکے صدقے ملک میں انقلاب برپاہوگا اورایک دن آئے گاجب ہمارے معصوم وبے گناہ کارکنوں اوررہنماوٴں کے خون کے ایک ایک قطرے کاحساب لیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات اوراس کے انصاف پر کامل یقین ہے کہ لیاقت قریشی کے قتل کی سازش تیارکرنے والے ،انہیں بھیانک طریقے سے قتل کرنے والے درندہ صفت قاتل اوران کی سرپرستی کرنے والے عناصراللہ تعالیٰ کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے ۔ الطاف حسین نے صدرآصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی، وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک اورسندھ کے گورنرڈاکٹرعشرت العباداوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ لیاقت قریشی شہیدکے قاتلوں کوفی الفورگرفتارکیاجائے اورعبرتناک سزادی جائے ۔ انہوں نے لیاقت قریشی شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ لیاقت قریشی شہیدکی مغفرت فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اورلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے تمام ارکان نے بھی الطاف حسین سے انکے ایک دیرینہ ساتھی کی شہادت پر دلی تعزیت کااظہارکیااورشہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔