29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
قذافی کا اقتدار چھوڑنے سے انکار،امریکا اور فرانس سے مذاکرات پر تیار
جنگ نیوز -
طرابلس…معمر قذافی نے ایک بار پھر اقتدارچھوڑنے سے انکار کردیاہے اورلیبیا میں جاری بحران کے لیے امریکا اور فرانس سے بات کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ایک نجی ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے معمر قذافی کاکہناتھا کہ نیٹو کوان کے جانے کی تمام امیدیں ختم کردینی چاہییں۔انہوں نے کہاوہ نہ تو کوئی سرکاری کام ترک کریں گے نہ ہی اپناملک چھوڑ کرجائیں گے،ان کاکہناتھاکہ وہ آخری دم تک لڑیں گے،اپنے خطاب میں قذافی نے کہاکہ ان کے خطاب کے وقت بھی نیٹو نے ٹیلی کمیوینکیشن ٹاور کونشانہ بنایا جولیبیا کی جنرل اسمبلی اور ہائی کمیشن فار چلڈرن کے سامنے گرے ۔80 منٹ تک جاری رہنے والے خطاب میں قذافی نے کہا ہے کہ نیٹو کے فضائی اور بحریہ کے گشت اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے خلاف ہیں ۔روس، چین اور دوست افریقی اور لاطینی امریکی ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کوقرار داد پرغور کرنے کوکہیں ۔انہوں نے کہافضائی حملے عوام اورانتظامی ڈھانچے کونقصان پہنچا رہے ہیں۔