29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
خانہ شماری میں دھاندلی کیخلاف قوم پرستوں کی ہڑتال، 2 گاڑیاں نذرآتش
جنگ نیوز -
حیدرآباد…سندھ میں خانہ شماری کے دوران مبینہ دھاندلیوں کیخلاف قوم پرست جماعتوں کی جانب سے ہڑتال اور مظاہرے کئے جارہے ہیں ۔ اس دوران دو گاڑیاں بھی جلادی گئیں ۔حیدر آباد سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال کی وجہ سے دفاتر اور تعلیمی اداروں میں حاضری کم اور دکانیں بند ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کافی کم ہے ۔ حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں صبح نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو آگ لگادی۔ حیدر چوک میں سندھیانی تحریک کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بند کردی۔ سپر ہائی وے پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔ جام شورو سپر ہائی وے پر نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔ بھان سعید آباد بائی پاس پر ٹریلر کو آگ لگادی گئی۔ ہڑتال کے سبب جام شورو میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔ دادو، جوہی، بدین اورخیر پور میں بھی ہڑتال کی جارہی ہے ۔جوہی کے علاقے فاضل چوک پر نامعلوم افراد نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا ۔سکھر میں عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک کی طرف سے احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلائے۔ نوشہروفیروز میں ہڑتال کی وجہ سے بازار اور دکانیں بند ہیں۔