29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
متحدہ کے کارکنوں کو چن کر قتل کیا جارہا ہے، فاروق ستار،کل سوگ کا اعلان
جنگ نیوز -
کراچی...متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ گزشتہ4 ماہ کے دوران ایم کیو ایم کے100 سے زائد کارکنوں اور ہمدردوں کو شہید کردیا گیا، انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم کل یوم سوگ منائی گی۔ کراچی میں نائن زیرو پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف کراچی کے امن کو اور دوسری جانب پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جارہا ہے،ایم کیو ایم کی قومی پرواز کو بھی روکنے کی کوشش کی جارہی ہے،کراچی میں سب سے زیادہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو قتل کیا گیا، ظلم کی بھی انتہا ہوتی ہے، صبر کی بھی حد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے،ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے،گزشتہ شب ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی لیاقت قریشی کو شہید کردیا گیااور ایم اکیو ایم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ فاروق ستار کا کہناتھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔ایک دن آئیگا جب شہدا کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا اور قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قاتل قانون کی گرفت سے آزاد ہیں، اگر حکومت قاتلوں کے سامنے بے بس نہیں تو پھر کیا ان کی سرپرستی کررہی ہے، سازشی عناصر اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے، شہدا کے لہو سے انقلاب آئے گا۔فاروق ستار کے مطابق چند ماہ پہلے سابق صوبائی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ایم کیو ایم کا کوئی نمایندہ ہلاک کیوں نہیں ہوتا، لیاقت قریشی سمیت ایم کیو ایم کے تمام شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زبانی دعووں سے بات نہیں بنے گی، عوام اب ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں۔