29 مئی 2011
  وقت اشاعت: 6:0
 
 
حکومت مسلم لیگ ق کو نائب وزیراعظم اور5وزارتیں دینے پر راضی
 
جنگ نیوز - 
		  اسلام آباد...صدر زرداری مسلم لیگ ق کو نائب وزیر اعظم کا عہدہ اور پانچ وزارتیں دینے پر رضامند ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں چودھری برادران کل صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے کل ملاقات کرینگے جس میں شراکت اقتدار کے فارمولے پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا جائے گااور معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چودھری کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی ایوان صدر میں کل صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی کے ساتھ ملاقات کے دوران وفاقی وزارتوں اور دیگر عہدوں کے معاملات پر بات چیت کریں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلز پارٹی اور ق لیگ کی قیادت کے درمیان شراکت اقتدار کا تحریری معاہدہ ہو گا،جس پر دونوں جماعتوں کی قیادت دستخط کرے گی ۔ معاہدے کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں شراکت اقتدار کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق شراکت اقتدار کے معاہدے اور حلف برداری کی تقریب وزیرا عظم کی فرانس سے واپسی پر سات یا آٹھ مئی کو ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے مسلم لیگ ق کے مطالبے پر نائب وزیر اعظم کا عہدہ دینے پر بھی اتفاق کر لیا ہے ، چوہدری برادران کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ نائب وزیر اعظم کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے پنجاب یا خیبر پختونخوا کی گورنر شپ اور وزارت خارجہ، پانی و بجلی،پٹرولیم و قدرتی وسائل، تجارت ،مواصلات سمیت7 وزارتیں مانگی ہیں تاہم صدر زرداری نے فی الحال پانچ وفاقی وزارتوں پر اتفاق کیا ہے۔ یہ وزارتیں ملنے کی صورت میں مسلم لیگ ق کے چاروں صوبائی صدور اور فیصل صالح حیات وفاقی وزیر ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی پنجاب سے پارٹی کے صدر ہیں اور ان کے نائب وزیر اعظم بننے پر پنجاب سے کسی دوسرے رہنما کو وفاقی وزیرنامزد کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ ق لیگ کے صوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا سے مشیر بھی لیے جائیں گے۔