29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
لیبیا،نیٹوکے حملے میں قذافی کابیٹااورتین پوتے جاں بحق
جنگ نیوز -
طرابلس ... لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں نیٹو طیاروں کے بڑے حملے میں معمر قذافی کا ایک بیٹا اورتین پوتے جاں بحق ہوگئے۔لیبیا کی حکومت کے ترجمان موسی ابراہیم نے طرابلس میں نیوزکانفرنس میں بتایا کہ نیٹو کی فضائی کارروائی میں معمر قذافی کا بیٹا سیف العرب قذافی اور تین پوتے جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ترجمان کے مطابق نیٹو طیاروں نے ان کے گھر پرتین میزائل داغے۔ حملے کے وقت معمرقذافی، ان کی اہلیہ دیگردوستوں اوررشتے داروں کے ساتھ اس گھرمیں موجود تھے۔ تاہم قذافی اوران کی اہلیہ محفوظ رہیں جبکہ کچھ افرادزخمی بھی ہوئے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ نیٹو طیاروں کی بمباری لیبیا کے رہنما کوقتل کرنے کے لیے ان پرکیاگیا ایک اوربراہ راست حملہ ہے۔اس سے پہلے ترجمان نے صحافیوں کو طرابلس میں واقع اس تباہ شدہ گھرکا دورہ کرایا۔۔اورملبے کے ڈھیرمیں پڑے میزائل دکھائے۔ترجمان کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والے انتیس سالہ سیف العرب قذافی، کرنل معمر قذافی کے 6 بیٹوں میں سب سے چھوٹے تھے۔انھوں نے جرمنی میں تعلیم حاصل کی تھی۔وہ فوجی نہیں سویلین تھے اوران کاسیاست سے بھی کوئی تعلق نہیں تھا۔دوسری جانب حکومت مخالفین نے نیٹوکے فضائی حملے میں قذافی کے بیٹے کی ہلاکت پرجشن منایا۔بن غازی میں لوگوں نے خوشی میں شدید ہوائی فائرنگ کی۔