29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کوئٹہ:کامیاب مذاکرات کے بعد اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی
جنگ نیوز -
کوئٹہ …کوئٹہ میں ریلوے انتظامیہ اور رننگ لوکو اسٹاف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی شروع ہو گئی۔ اندرون ملک جانیوالی تمام ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو گئیں۔کوئٹہ ریلوے ڈویژن میں رننگ لوکو اسٹاف نے آج ٹرینیں چلانے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا موقف کاکہ کوئٹہ ڈویژن میں ریلوے انجنوں کی حالت خراب ہو گئی ہے اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ریلوے ڈرائیورز کی احتجاج پر راولپنڈی جانیوالی جعفر ایکسپریس کو مچھ سے متبادل انجن منگواکر ایک گھنٹے کی تاخیر سے راولپنڈی کیلئے روانہ کیا گیا تاہم کراچی جانیوالی بولان میل اور پشاور جانیوالی کوئٹہ ایکسپرس انجن نہ ہونے کی وجہ سے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن میں کھڑی رہیں ،اس دوران ریلوے انتظامیہ اور ڈرائیوروں کے درمیان مذاکرات ہوئے اور ریلوئے انتظامیہ نے ڈرائیوروں کو یقین دلایا کہ کوئٹہ کے تمام ریلوے انجنوں کو دس روز کے اندر مرمت کرکے فٹ کر دیا جائیگا۔ریلوے انتظامیہ کی یقین دہانی پر ڈرائیورں نے اپنااحتجاج ختم کر دیا اور کراچی جانیوالی بولان میل چار گھنٹے اور پشاور جانیوالی کوئٹہ ایکسپریس ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر سے اپنی اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئی۔ ٹرینوں کی تاخیروانگی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔