29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کراچی، ایم کیو ایم کے عہدیدار سمیت 5افراد کا قتل،27گاڑیاں نذرآتش
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے عہدیدار فاروق بیگ سمیتپانچ افراد ہلاک جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ نامعلوم افراد نے مختلف علاقوں میں27 گاڑیاں نذر آتش کردیں جبکہ امن و امان کی صورتحال کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا۔ کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا جن کی شناخت عبدالرزاق اور محمد میر ہزار کے نام سے ہوئی ہے۔ طارق روڈ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کردیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ملیر، پنجاب چورنگی، گلشن اقبال، سائیٹ، شارع پاکستان، گلشن اقبال اور گارڈن سمیت دیگر علاقوں میں فائرنگ کر کے10 سے زائد افراد کو زخمی کر دیا گیا۔ ۔ شہر میں کورنگی، لانڈھی، ملیر، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، خداداد کالونی، پرانی سبزی منڈی، لسبیلہ، گزری، پنجاب چورنگی، نمائش، پاک کالونی، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی، سائیٹ، ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے بسوں، سوزوکیوں، ٹرکس اور ٹیکسیوں سمیت دو درجن سے زائد گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دکانیں اور کاروبار بھی بند کرادیا جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل اوردفاترکی چھٹی کا ٹائم ہونے کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہوں، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، شاہراہ پاکستان اور شارع فیصل پر کئی گھنٹوں شدید ٹریفک جام رہا جبکہ بیشتر پٹرول پمپس بھی بند کردیئے گئے ہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں سے رینجرز نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے، حکام کے مطابق کشیدہ صورتحال والے علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔