29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
کراچی: جلاؤگھیراؤ کے الزام میں گرفتاردرجنوں ملزمان جیل بھیج دیئے گئے
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کی مقامی عدالتوں نے ہنگامہ آرائی جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار درجنوں ملزمان کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیاہے ۔ملزمان اور انکے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس جلاؤ گھیراؤ کرنیوالے اصل ملزمان کو پکڑ نہ سکی ،خانہ پری کیلئے معصوم شہریوں کو گرفتار کر لیاگیاہے۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز ہونیوالے پرتشدد واقعات میں کراچی کے مختلف علاقوں سے103شر پسندوں کو گرفتار کیاگیا ہے۔ان ملزمان کو گاڑیاں جلانے،ہنگامہ آرائی اور بلوے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔سٹی کورٹ کے مختلف جوڈیشل مجسٹریٹس کی عدالتوں میں درجنوں ملزمان کو پیش کیاگیا۔عدالت نے ملزمان کوعدالتی تحویل میں جیل بھیج دیاہے۔ملزمان اور انکے اہل خانہ کے مطابق جب گاڑیاں جلائی جارہی تھیں تو پولیس سڑکوں سے غائب تھی اور بعد میں اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے عام لوگوں کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزما ن میں منشیات کے عادی اورکم عمر نوجوان بھی شامل ہیں ۔ملزمان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ملزمان پر ناقابل ضمانت دفعات لگائی گئی ہیں جو نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔