تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:49

کارکن سندھ بھرمیں متاثرین بارش کی ہرممکن مددکریں،الطاف حسین

جنگ نیوز -


لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے طوفانی بارشوں کے باعث مکان کی چھت کرنے کے نتیجے میں میرپورخاص میں خواتین اوربچوں کے جاں بحق ہونے اورٹنڈوالہ یار، بدین ، نوکوٹ اورسندھ کے دیگر شہروں میں ہونے وا لے نقصانات پر دلی افسوس کااظہارکیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے میرپورخاص میں چھت گرنے کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے تمام افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ میں اورایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں اوردعاگوہیں کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونیوالے افرادکوجنت الفردوس میں جگہ دے اورزخمیوں کوصحتیابی عطاکرے۔ الطاف حسین نے کہاکہ سندھ میں طوفانی بارشوں سے مختلف شہروں میں کئی علاقے زیرآب آگئے ہیں جہاں کے مکین اپناگھربارچھوڑنے اور کیمپوں میں پناہ لینے پرمجبورہیں۔حکومت کوچاہیے کہ ان متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں سے بھی کہاکہ وہ سندھ بھرمیں اپنے اپنے شہروں میں طوفانی بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن مددکریں۔ دریں اثناء قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیرا ہتمام ٹنڈو الہ یار ، میر پور خاص اور بدین میں بارش سے متاثرین کیلئے طبی و امدادی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے اور ہزاروں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے ان کیلئے سحری و افطاری اور دیگر سہولیات کا بندوبست کیا گیا ہے ۔خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں ، ایم کیوایم ٹنڈو الہ یار زونل کمیٹی کے اراکین اور کارکنان نے کشتیوں کے ذریعے بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر پہچایا اور ان کیلئے ٹنڈو الہ یار کے اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں ریلیف کیمپ قائم کردیا ہے ۔ حق پرست رکن سندھ اسمبلی اکرم عادل ، ٹنڈو الہ یار کے زونل انچارج سید محمد علی شاہ اور اراکین نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور نقصانات کاجائزہ لیا ۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت میر پور خاص میں بارش متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں ہیں اور میر پور خاص کے مختلف علاقوں کے بارش متاثرین کو پانی سے باہر نکالنے کیلئے ایم کیوایم کے ذمہ داران اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے کشتیوں کا استعمال کیا ۔ میر پور خاص میں حق پرست ارکان سندھ اسمبلی زبیر احمد اور فہیم الطافی نے بارش کے باعث چھت گرنے سے 6افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا اور مرحومین کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی ۔ بعدازاں انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا بھی کی ۔ بدین میں بارش متاثرہ افراد کیلئے ایم کیوایم بدین زون کے ذمہ داران اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقاتیں کرکے انہیں ایم کیوایم کی جانب سے ہرممکن مدد و تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔








متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.