12 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:37
برمنگھم ٹیسٹ: انگلینڈ نے بھارت کیلئے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا
جنگ نیوز -
برمنگھم…برمنگھم ٹیسٹ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست سے بچنے کیلئے دو دن جدوجہد کرنا ہوگی،اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے بھی مزید451 رنز بنانے ہیں، وریندر سہواگ دوسری اننگز میں بھی پہلی ہی گیند پر آوٴٹ ہوکر کنگ پیئر حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ۔ایجبسٹن میں کھیل کا تیسرا دن بھی ایلسٹر کک کے نام رہا ،جنہوں نے دلکش بیٹنگ کی لیکن بد قسمت رہے کہ صرف چھ رنز کی کمی کے باعث ٹرپل سنچری مکمل نہ کر سکے،مورگن اور کک نے دن کا آغاز اچھے انداز میں بیٹنگ سے کیا ۔کک نے ڈبل سنچری مکمل کی ،جبکہ مورگن نے سنچری بنائی اور چوتھی وکٹ پر 222رنز کا اضافہ کیا،مورگن کو 104کے انفرادی اسکور پر رائنا نے آوٴٹ کر دیا،ان کے بعد روی بوپارا سات اور میٹ پرائر پانچ رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے،لیکن پھر ٹم بریسنن آئے اورکک کا خوب ساتھ دیا ،کک نے ٹرپل سنچری کی جانب سفر تیز کیا لیکن جب ان کا اسکور 294 رنز ہوا تو اشانت شرما کی گیند پر سریش رائنا نے ان کا کیچ لے لیا،کک کے آوٴٹ ہوتے ہی اسٹراوٴس نے پہلی اننگز710رنز سات کھلاڑی آوٴٹ پر ڈکلیئرکر دی،بھارت نے 486رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی ،لیکن پہلے ہی اوور میں سہواگ اپنی پہلی گیند پرآوٴٹ ہو کر کنگ پیئر حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے،جب کھیل ختم ہوا بھارت کا اسکور ایک وکٹ پر 35رنز تھا،گمبھیر 14اور ڈریوڈ 18رنز پر ناٹ آوٴٹ تھے۔انگلینڈ کی جانب سے 710رنز کا اسکور گزشتہ 73برس میں سب سے بڑا اسکور ہے۔