14 اگست 2011
وقت اشاعت: 2:19
قیدیوں کے فرار پر پشاور جیل انتظامیہ کے خلاف ایکشن
جنگ نیوز -
پشاور...محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے سینٹرل جیل پشاور کے دو قیدیوں کے فرار اور مسلح افراد کی فائرنگ سے تین پولیس اہل کاروں کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور سپرنٹنڈنٹ جیل ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور ڈاکٹر کو معطل کرکے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق سینٹرل جیل کے دو قیدیوں کے فرار اور تین پولیس اہلکاروں کے قتل کا نوٹس لیا گیا ہے۔سنگین کوتاہی کی پاداش میں سینٹرل جیل پشاور کے سپرنٹنڈنٹ صاحبزادہ شاہ جہان ، ڈپٹی سپرنٹنڈٹ اجمل خان اور ڈاکٹر افتخار کی معطلی کے احکامات جاری کرکے تحقیقات کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو وقار ایوب کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جو پندرہ روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ اسپیشل سیکریٹری ہوم حضرت مسعود میاں نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد جس پر بھی ذمہ داری عائد ہوئی، اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ روز پولیس سینٹرل جیل پشاور سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دو قیدیوں ندیم عباس اور زقیم شاہ کودانتوں کے معائنے کے لئے ڈینٹل کالج لے جایا جا رہا تھا کہ جمرود روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تین پولیس اہل کاروں کو ہلاک کرکے دونوں قیدیوں کو بھگا لے گئے۔