14 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:59
کراچی : تیز ہواوٴں کیساتھ بارش، کرنٹ اور چھت گرنے سے 3 افرادہلاک
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوٴں کیساتھ بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں آندھی سے درخت اور سائن بورڈ سڑکوں پر گرگئے، کئی جگہوں پر پانی جمع ہو گیا ، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ، جبکہ کرنٹ اور چھت گرنے کے نتیجے میں 3 افراد بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شہری بارش سے تھوڑے سے خوش اور تھوڑے پریشان بھی نظرآئے۔کراچی کے علاقے گلشن اقبال، گلستان جوہر، گلشن معمار ،سپرہائی وے ،پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، ملیر، الفلاح، ائیرپورٹ،نارتھ کراچی ، ، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، کلفٹن، ڈیفینس، بلدیہ، اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں تیز ہواوٴں کے ساتھ خوب جم کر بارش ہوئی۔ صدر، ایم اے جناح روڈ ، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں شدید آندھی کے باعث بجلی کے تار اور سائن بورڈ گرنے کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بارش کی پہلی بوند گرتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔ جس نے آسمان سے برستے پانی کی خوشی پر پانی پھیر دیا۔ متاثرہ علاقوں مین فیڈر ٹرپنگ اور تار گرنے کے واقعات بھی شہریوں کو پریشان کیا۔ نارتھ ناظم آباد، کے ڈی اے چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی،سرجانی ٹاوٴن سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا ہے جس کے باعث کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آندھی اور بارش کے نتیجے میں نیو کراچی میں 4 کے اسٹاپ کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلا ک، نارتھ کراچی سیکٹر ٹو میں بجلی کے تار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ نارتھ ناظم آباد میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوئی۔ سولجر بازار میں بجلی کے تار گرنے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔