14 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:26
برسلز:کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام ملین دستخط مہم کیلئے کیمپ لگایاگیا
جنگ نیوز -
برسلز… رضا چوہدری…کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام ملین دستخط مہم کے تحت برسلز کے معروف علاقےla Bourseمیں ایک روزہ کیمپ لگایا گیا جس میں ہزاروں مقامی و غیر مقامی افراد نے دستخط کرکے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔واضح رہے کہ کشمیر کونسل ای یو گذشتہ سال شروع ہونے والی اپنی اس دستخط مہم کے تحت انگلینڈ،فرانس ،جرمنی،ہالینڈ اور بلجیم کے مختلف شہروں میں کیمپ منعقد کرکے لاکھوں افراد کے دستخط حاصل کرچکی ہے اورپُر امید ہے کہ اگلے سال تک دیگر یورپی ممالک میں کیمپ لگا کر ایک ملین دستخط کا اپنا ہدف پورا کرلے گی۔برسلز میں لگائے گئے اس کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر کونسل ای یو کے چیر مین علی رضا سید نے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو کی دستخط مہم پوری قوت کے ساتھ جاری ہے اور انشاء اللہ کشمیر ای یو کونسل اگلے سال تک ایک ملین دستخط کا ہدف پوراکرکے اپنا مقدمہ یورپی پارلیمنٹ میں لیجائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارتی لابی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ڈس کریڈٹ کرنے کے لیے عالمی سطح پر پراپیگنڈہ کررہی ہے لیکن ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ بھارتی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور کشمیریوں کی پُرامن جدوجہد آزادی اپنے مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔علی رضا سید نے کہا کہ کشمیر ای یو کونسل بھارت کے ظالم چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرتی رہے گی اور کونسل کی یہ دستخط مہم بھی اِنہی کوششوں کا ایک جزو ہے۔مقامی لوگوں کی بڑی تعداد کشمیر ای یو کونسل کی قرداد پر دستخط کرکے بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کے حق میں اپنا ووٹ ڈال رہی ہے جو بھارت کی شکست اور مظلوم کشمیریوں کی واضح ترین فتح ہے۔اس موقع پر علی رضا سید نے شیخ عبدالعزیز شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور گذشتہ دنوں بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کے جذبے کو سراہا۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد عنقریب رنگ لائے گی اور بھارت کو کشمیریوں کا حق آزادی تسلیم کرنا پڑے گا۔