14 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:43
پاکستانیوں میں 1947 والا جذبہ موجود ہے،میاں نواز شریف
جنگ نیوز -
لاہور…مسلم لیگ ن کے صدرمیاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا دل گواہی دیتا ہے کہ پاکستانیوں میں 1947 والا جذبہ موجود ہے اور آج کایہ جذبہ پاکستان کو بچانے اور اس کی تعمیر کا جذبہ ہے۔لاہور میں حضوری باغ میں خطاب کرتے ہو ئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ میں پاکستان کے بارے میں فکرمند رہتا ہوں، ہر پاکستانی کو فکر مند ہونا چاہیئے، پاکستان کے حالات کو دیکھ کر دل دکھتا ہے۔اگر ہم نے کچھ نہ کیاتو آنے والا وقت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے،ہمیں دل سے عہد کرناہے کہ پاکستان کی تقدیر بدل کر چھوڑیں گے۔موجودہ جمہوریت نے ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا،آج جمہوریت آئی لیکن اس نے پاکستان کو کیا دیا ،اس جمہوریت نے ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا،ہم نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بہت قربانیاں دیں،قوم نے ججوں کو بحال کرایا،عدلیہ کی آزادی کو بحال کرایا،قوم گواہ ہے ہم چین سے نہیں بیٹھے،ہمیں دل سے عہد کرناہے کہ پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے۔پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ دنیا میں ایک اور پسماندہ ملک کا اضافہ ہوجائے،ہمیں ایک خوشحال ملک کی حیثیت سے ابھرنا ہے،ہمیں خستہ حال پاکستان کو خوشحال پاکستان میں بدلنا ہے۔ ہم ملک کو سلامتی اور خودانحصاری کی منزل کی طرف لے کر جائیں گے۔ نظریہ پاکستان کی کاوشیں جاری رکھیں گے،کرپشن ،اقربا پروری ،ناانصافی اور انتہاپسندی کا ڈٹ کا مقابلہ کرینگے۔ قانون اور آئین کی حکمرانی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،ملکی خودمختاری ، قومی وقار کے دفاع کی ذمہ داریاں پوری کرینگے۔پاکستان کو فوجی آمریتوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر قربانی دینگے۔