تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:54

متحدہ کی رابطہ کمیٹی کا لندن اور پاکستان میں مشترکہ ہنگامی اجلاس

جنگ نیوز -


کراچی…پاکستان کے یوم آزادی پر ملک کی موجودہ سیاسی ومعاشی صورتحال کے حوالے سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کا مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اختلا فات کو بات چیت سے حل کرنے کا عہد کیا گیا۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور وغوص کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی ، دہشت گردی کے خاتمے ، مفاہمت کی سیاست کے فروغ ، عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل اور سیاسی اختلافات کو بات چیت اور مذاکرات سے حل کرنے کا عہد کیاگیا۔ اجلاس میں زور دیا گیا کہ ملک میں جمہوری عمل جاری رہنا چاہئے اور تمام جماعتوں کو جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ تمام جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں اور مفاد پرست عناصر کی نشاندہی اور نگرانی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ وہ عناصر جو حالات خراب کرتے ہیں اور جماعتوں کے مابین اختلافات کا باعث بنتے ہیں ان کی نگرانی کی جاسکے اور اس بات کا بھی تعین کیا جاسکے کہ آیا ایسے عناصر اپنی پارٹی کے مفاد کے لئے کام کررہے ہیں یا کسی اورکے مقاصد پورے کررہے ہیں۔ اجلاس میں مزیدکہا گیا کہ ایم کیوایم ایک پرامن سیاسی جماعت ہے جو جمہوری طریقے سے غریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی کا انقلاب لانا چاہتی ہے۔ ایم کیوایم جمہوری عمل کے تسلسل اور ملک میں امن و استحکام کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.