14 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:5
یوم آزادی پر متحدہ کے مرکز نائن زیرو پر قومی پرچم کشائی
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان کے 64ویں یوم آزادی کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر قومی پرچم لہرایا گیا اور ملک کی بقاء وسلامتی ،استحکام اورسا لمیت کیلئے دعا کی گئی۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار، اور دیگر ارکان رابطہ کمیٹی نے پرچم کشائی کی۔ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق اس موقع پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر نصرت ، سیف یار خان ، واسع جلیل ، یوسف شاہوانی ، وسیم آفتاب، حق پرست ارکان اسمبلی ، ایم کیوایم کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کے ارکان بھی موجود تھے۔ بعدازاں اجتماعی دعا کرائی گئی جس میں تحریک پاکستان کے شہداء ، دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں شہید ہونیوالے مسلح افواج کے افسروں و نوجوانوں اور کراچی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور تحریک کے تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات ، کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے ،دہشت گردی کے خاتمے،ملک کی ترقی و خوشحالی اور الطاف حسین کی درازدی عمر اورصحت وتندرستی کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں۔جشن آزادی کے موقع پر ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو اور اطراف کی عمارتوں پر برقی قمقموں سے زبردست سجاوٹ کی گئی ہے جس کے باعث تمام علاقہ رات میں بھی دن کا سماں پیش کررہا ہے۔