14 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:2
افغانستان خود کش حملے میں19ہلاک ، امریکی بھی ہلاک ہو ئے،طالبان
جنگ نیوز -
کابل…افغانستان کے صوبے پروان میں گورنر ہاوٴس پر خودکش حملے میں انیس افراد ہلاک اور سینتیس زخمی ہوگئے۔ طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ افغام حکام کے مطابق 6 خودکش حملہ آوروں نے مقامی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے صوبہ پروان کے گورنر عبدالبصیر سالانگی کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا، ایک حملہ آور نے گورنر ہاوٴس کے داخلی دروازے پر خودکش کار بم دھماکا کیا۔جس کے فوری بعد پانچ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہوگئے جہاں اس اجلاس جاری تھا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دو امریکی بھی شریک تھے۔ اس دوران عمارت سے زور دار فائرنگ اور پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ گورنر نے حملے کے دوران فون پر افغان ٹی وی کو بتایا کہ وہ خود بھی عمارت کے اندر موجود ہیں اور حملہ آوروں اور سیکیورٹی اہل کاروں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں تھم گئیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ حملے میں 19 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں کئی پولیس اہل کار اور سرکاری ملازم ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حملے میں گورنر پروان اور دونوں امریکی محفوظ رہے، تاہم طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ حملے میں امریکیوں سمیت متعدد افراد مارے گئے ہیں۔