23 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:39
بنگلہ دیش: مون سون موسلادھار بارش، ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر
جنگ نیوز -
ڈھاکا…جنگ نیوز…بنگلہ دیش کے جنوب مغربی حصوں میں مون سون کی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ایک ہزار مربع کلو میٹر زرعی زمین زیر آب، ایک لاکھ 20 ہزار افراد بے گھر اور 10 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق شدید بارشوں سے جنوب مغربی حصہ میں بسنے والے کم از کم پانچ دریاؤں میں طغیانی آ گئی اور سست خیرہ ضلع میں ہزاروں مربع کلو میٹر زرعی زمین زیر آب آ گئی۔ حکام کے مطابق متاثرہ علاقہ میں 284 ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں بے گھر ہونے والے افراد کو ٹھہرایا گیا ہے۔ متاثرہ علاقے میں دیگر امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ سرکاری اہلکاروں نے متاثرین میں ڈیڑھ ہزار ٹن چاول اور بڑی مقدار میں بسکٹ تقسیم کئے ہیں۔ عالمی ادارہ برائے خوراک ڈبلیو ایف پی بھی 57 ہزار متاثرین کو غذائی امداد فراہم کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں 200 کے قریب دریا ہیں جن میں جون تا ستمبر مون سون کے دوران اکثر طغیانی آ جاتی ہے۔