23 اگست 2011
وقت اشاعت: 13:25
بدین : بارشوں کے بعد پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی، بیماریاں پھیلنے لگیں
جنگ نیوز -
بدین …بدین میں بارشوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں اب تک پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے امداد نہ ملنے کے خلاف کئی مقامات پر احتجاج کیاگیا اوردھرنے کے باعث ٹریفک بلاک رہا۔ ضلع کے متاثرہ علاقوں میں اب بھی کئی فٹ پانی کھڑا ہے اور جلد اور پیٹ کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ای ڈی او ہیلتھ بدین ستار چنہ کے مطابق صرف چھ روز میں ملیریا، بخار، پیٹ اور جلد کے امراض میں مبتلا 38 ہزار لوگوں نے اسپتالوں کا رخ کیا ہے۔ضلع میں پانی کی فراہمی کا نظام بری طرح متاثرہے اور پینے کے پانی کی قلت شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ضلع بھر میں قائم چارسو ریلیف کیمپوں میں صورتحال انتہائی خراب ہے۔کئی روز بعد بھی متاثرین کے لئے خوراک کا مناسب انتظام نہیں کیا جاسکا ہے۔امدادی سامان کی عدم فراہمی اورغیر منصفانہ تقسیم کے خلاف متاثرین سڑکوں پر نکل آئے اورکراچی بدین ہائی وے پر چارمختلف مقامات پر دھرنے دے کر ٹریفک بلاک کردی۔