تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:18

سندھ کابینہ کا بھتہ خوروں اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

جنگ نیوز -
کراچی…سید منہاج الرب …وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی مشترکہ صدارت میں منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس میں امن و امان کے قیام اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ اور شرپسندوں، دہشتگردوں اور عوام دشمن قوتوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکومت کی طرف سے کالعدم شدہ 25 تنظیموں، جن میں لشکر جھنگوی،سپاہ صحابہ وغیرہ شامل ہیں، انہیں وارننگ دی گئی کہ وہ اپنی ہر طرح کی سرگرمیوں کو فوری طور پر ختم کردیں اور اپنے دفاتر بند کردیں۔ اجلاس میں مختلف اداروں کے ذریعے ان کی سرگرمیوں کے متعلق انکوائری کی جائے گی اورانہیں تنبیہ کی گئی کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو ختم کردیں بصورت دیگر انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں پیر کو وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہونیوالے سندھ کابینہ کے اجلاس کی روشنی میں پولیس اور رینجرز کی طرف سے کل رات سے نفری کی تعیناتی کے بعد سے کئے گئے انتظامات واقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں یوم حضرت علی رضہ الله تعالیٰ عنہ کے موقع پر پولیس اور رینجرز کی طرف سے کئے گئے مربوط اقدامات اور منصوبہ بندی کی تعریف کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اجلاس میں تمام ڈی پی اوز اور متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ تاجروں، بیوپاریوں اور صنعتکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سائٹ کراچی سے چھ(6) بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں شرپسندوں اور بھتہ خوروں کو وارننگ دی گئی کہ وہ فوری کراچی چھوڑ کر کہیں اور چلے جائیں بصورت دیگر ان کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کی جائے گی اور یہ کارروائی عبرتناک ثابت ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الصوبائی روٹس پر چلنے والی اور دیگر صوبوں سے کراچی آنے والی بسوں کی چیکنگ کی جائے گی جوکہ مختلف طریقوں سے اسلحہ، بارود، منشیات اور دیگر ممنوع اشیاء کراچی لاتے ہیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں داخلے کے راستوں کو کم کیا جا رہا ہے، تاکہ مجرموں، شرپسندوں اور ملک دشمن قوتوں کی سرگرمیوں کو محدود کیا جائے اور اسلحہ اور دیگر غیر قانونی اشیا و منشیات کی آمد و رفت پر کنٹرول کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا دوسرے صوبوں سے آنے والی پسینجر بسوں کی سخت تلاشی لی جائے گی اور بدامنی اور دہشتگردی کا سبب بننے والے سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کا سدباب کیا جا سکے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ منظور حسین وسان، آئی جی پولیس سندھ واجد علی درانی،قائم مقام ڈی جی رینجرز سندھ برگیڈیئرظفر اقبال،ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی سعود مرزا، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری علم الدین بلو اور دیگر نے شرکت کی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.