24 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:23
منموہن سرکار کرپشن کے خلاف بل کا نیا مسودہ تیار کرنے پر راضی
جنگ نیوز -
نئی دہلی…بھارتی حکومت نے انا ہزارے کے مطالبے پر مزید لچک دکھاتے ہوئے کرپشن کیخلاف بل کا نیا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ایک بار پھر انا ہزارے سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ تین نکات پر حکومت اور ٹیم انا کے درمیان سوئی اٹکی ہوئی ہے تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومت کے تیارہ کردہ لوک پال بل کے نئے مسودے پر انا کی ٹیم مان جائے۔ انا ہزارے پہلے ہی حکومت سے کرپشن کیخلاف بل کے بارے میں تحریری طور پر یقین دہانی کرانے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ کرپشن مخالف بل کے نئے مسودے کے تحت وزیر اعظم کو بھی شامل تفتیش کیے جانے کا امکان ہے۔ کانگریس سرکار نے آج کل جماعتی کانفرنس بھی طلب کررکھی ہے جس میں نئے مسودے کی نقل تمام جماعتوں کو پیش کی جائے گی۔ مسودے کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیر خزانہ پرناب مکھرجی انا کی ٹیم سے ملیں گے۔ دوسری جانب چوہتر سالہ انا ہزارینے آج پھر طبی امداد لینے سے انکار کردیا۔ وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ایک بار پھر انا سے اپیل کی ہے کہ وہ آج نویں روز میں داخل ہونیوالی اپنی بھوک ہڑتال ختم کردیں۔