24 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:37
لیبیا: باغیوں کی 2.5 ارب ڈالرامداد کی اپیل، امریکا کی جانب سے حمایت
جنگ نیوز -
طرابلس …جنگ نیوز… لیبیا میں باغیوں نے ملک کوگزشتہ چھ ماہ سے جاری خانہ جنگی کے اثرات سے باہر نکالنے کے لیے رواں ماہ کے آخر تک دو اعشاریہ پانچ بلین ڈالر کی فوری امداد کی اپیل کی ہے جبکہ امریکا نے بھی باغیوں کو امداد دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین کو اس حوالے سے اہم کردار ادا کرناہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باغیوں کی قومی عبوری کونسل کے سربراہ محمود جبریل نے یہ مطالبہ قومی عبوری کونسل کے نمائندے کی امریکا، فرانس، اٹلی، برطانیہ ، ترکی اور قطر کے اعلیٰ سطح کے وفود سے ملاقات کے موقع پر کیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے بتایا کہ لیبیا کی قومی عبوری کونسل کو قذافی حکومت کے منجمد کردہ اثاثوں تک رسائی کے بعد انسانی بنیادوں پر بیرونی امداد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس سے قبل معمر قذافی اور ان کے اہل خانہ کے امریکہ اور یورپی یونین میں موجود اثاثے منجمد کر دیے گئے تھے، جن کی مالیت کئی بلین ڈالر بنتی ہے۔ جرمن وزیرخارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے بتایا کہ جرمنی لیبیا کے استحکام کے لیے مستقبل کی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ دریں اثناء امریکی سینیٹر جان مکین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین کو لیبیا کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا اور عبوری قومی کونسل کو سرکاری اداروں کی تشکیل میں مدد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لیبیا کی معیشت کو بحال کرنے اور معاشرے میں اتفاق و اتحاد پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ مکین نے کہا کہ مغربی ممالک کو لیبیا میں جمہوری اداروں کے قیام میں تعاون فراہم کرنا ہوگا۔