24 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:48
سندھ پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے مساوی کی جائے گی، منظور وسان
جنگ نیوز -
کراچی…جنگ نیوز… شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں 327 بے نظیر ایلیٹ فورس کے جوانوں نے ٹریننگ مکمل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو صوبائی وزیر داخلہ منظور حسین وسان اور آئی جی سندھ واجد علی درانی نے ٹریننگ مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران سلامی لی۔ اس موقع پر جوانوں نے ٹریننگ کے دوران حاصل کی گئی تربیت کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں ٹریننگ حاصل کرنے والے 327 ایلیٹ فورس میں خواتین بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ نئے تربیت یافتہ جوانوں کی پولیس میں شمولیت سے پولیس کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے جوانوں کو کراچی سمیت اندرون سندھ کے اہم مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ سندھ پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے مساوی کی جائے گی اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پولیس کے لئے ملنے والے فنڈز سے جدید اسلحہ، آلات، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر سامان فراہم کیا جائے گا۔